سال کے اختتام پر موسم کا بڑا وار! بارشیں اور برفباری کب شروع ہوں گی؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی موسم Roze News
موسم

سال کے اختتام پر موسم کا بڑا وار! بارشیں اور برفباری کب شروع ہوں گی؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں شدید سردی، بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پیشگوئی کے مطابق سال کے اختتام پر موسم ایک بار پھر کروٹ لینے جا رہا ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔ گلگت بلتستان کے چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں سرد موسم برقرار رہنے کی توقع ہے، جبکہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، تاہم صوبے کے بالائی اضلاع میں شدید سردی پڑنے کا امکان ہے۔ کوہستان، بٹگرام، چترال اور گرد و نواح میں ہلکی بارش اور برفباری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں کل شام مغربی ہوائیں داخل ہونے کا امکان ہے، جن کے اثر سے آئندہ ہفتے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ 30 اور 31 دسمبر کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پیشگوئی کے مطابق 31 دسمبر سے 2 جنوری تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ 29 سے 31 دسمبر کے دوران مری، گلیات اور گرد و نواح میں بارش اور برفباری متوقع ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان اور مانسہرہ میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی دوران ایبٹ آباد، بونیر اور بٹگرام میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 30 دسمبر سے 2 جنوری کے دوران گلگت، اسکردو، دیامر، استور، غذر، ہنزہ، نگر، وادی نیلم، مظفرآباد، راولا کوٹ، باغ، کوئٹہ، زیارت، قلات، ژوب اور مستونگ میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں سڑکیں بند ہونے سے آمد و رفت متاثر ہو سکتی ہے۔ مزید برآں، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں برفانی تودے گرنے کا خطرہ بھی موجود ہے، جس کے پیش نظر شہریوں اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Exit mobile version