پی سی بی کو پی ایس ایل کیلیے پاکستان سمیت امریکا، آسٹریلیا، کینیڈا اور یو اے ای سے بڈز موصول ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 11 سے 2 نئی ٹیموں کو شامل کیا جا رہا ہے، اس حوالے سے 2 بار بڑھنے والی مقررہ تاریخ کے اندر 12 پارٹیز نے بڈز جمع کرا دیں۔
پی سی بی نے ٹینڈر کے نتائج کو غیر معمولی اور حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔
بڈرز پاکستان سمیت دنیا کے 5 ممالک سے تعلق رکھتے ہیں، ان میں امریکا، آسٹریلیا، کینیڈا اور متحدہ عرب امارات بھی شامل ہیں۔
موبائل فون، سولرپینل کمپنیز، ریئل اسٹیٹ گروپ اور دیگر معروف کاروباری ادارے و شخصیات میدان میں موجود ہیں، کنسورشیم بھی بن چکے، بڈنگ کے ابتدائی مرحلے کے نتائج کا اعلان ہفتے کو کیا جائے گا۔
اگلے مرحلے میں ٹیکنیکلی کوالیفائیڈ بڈرز کو 8 جنوری کو اسلام آباد کنونشن سینٹر میں کھلی بولی کے ذریعے 2 نئی ٹیمیں خریدنے کا موقع ملے گا۔
پی سی بی بڈنگ کے عمل کو شفاف، مسابقتی اور عالمی معیار کے مطابق مکمل کرنے کے لیے پْرعزم ہے تاکہ پاکستان سپر لیگ کی مزید توسیع اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
نئی فرنچائز کی 10 سالہ ملکیت 2026 سے 2035 تک ہوگی۔ اس میں مذکورہ دونوں سال بھی شامل ہیں۔
کامیاب بولی دہندگان فیصل آباد، راولپنڈی، حیدرآباد، سیالکوٹ، مظفرآباد اور گلگت میں سے کسی ایک شہر کے نام پر ٹیم منتخب کرنے کے اہل ہوں گے۔
