بابائے قوم، بانی پاکستان، قائداعظم محمد علی جناح کا 149 واں یوم پیدائش آج عقیدت و احترام کیساتھ منایا جا رہا ہے، آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔
بابائے قوم کے یوم ولادت کے موقع پر کراچی سمیت ملک بھر میں خصوصی تقریبات، سیمینارز، کانفرنسز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
بانی پاکستان کے یوم پیدائش کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، میجر جنرل افتخار حسین چودھری (ہلال امتیاز) تقریب کے مہمان خصوصی تھے، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے مزار قائد پر سلامی دی گئی۔
پاک فوج کے کیڈٹس نے مزارقائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لئے، میجر جنرل افتخار چودھری نے مزار قائد پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کئے۔
بعدازاں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی مزار قائد پر حاضری دی، مزار قائد پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے۔
