برفباری اور بارشوں نے موسم بدل دیا، سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ موسم Roze News
موسم

برفباری اور بارشوں نے موسم بدل دیا، سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ

برفباری اور بارشوں نے موسم بدل دیا، سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ

برفباری اور بارشوں نے موسم بدل دیا، سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ

برفباری کے ساتھ بارشوں کی انٹری، سردی کی شدت میں نمایاں اضافہآئندہ چند دنوں میں موسم مزید سخت ہونے کا خدشہ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور برفباری کے آغاز کے ساتھ ہی سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ موسمی نظام کے باعث آئندہ چند دنوں میں درجہ حرارت مزید کم ہونے کا امکان ہے جبکہ بعض علاقوں میں شدید سردی پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

بلوچستان میں طویل انتظار کے بعد بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کے باعث صوبے بھر میں موسم سرد ہو گیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے گردونواح میں صبح کے وقت ہلکی بارش ہوئی جس سے موسم اگرچہ خوشگوار ہو گیا تاہم سردی کی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اسی طرح چمن، پنجگور، قلات، لورالائی، خاران اور قلعہ سیف اللہ میں بھی بارش کے بعد درجہ حرارت میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرد ہوائیں چلنے سے شہریوں کو شدید سردی کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے شمالی زیارت اور اس کے ملحقہ علاقوں میں مزید بارش کا امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہو سکتی ہے۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ اس موسمی صورتحال کے باعث آئندہ چند دنوں میں سردی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی موسم نے کروٹ لے لی ہے۔ وادی سوات کے سیاحتی مقامات مہوڈنڈ، کالام، مالم جبہ اور گبین جبہ میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں نہ صرف پہاڑی بلکہ میدانی علاقوں میں بھی شدید سردی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ برفباری کے حسین مناظر دیکھنے اور سنو فال سے لطف اندوز ہونے کے لیے ملک کے مختلف حصوں سے سیاح بڑی تعداد میں وادی سوات کا رخ کر رہے ہیں۔

ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی، بعض مقامات پر ہلکی جبکہ کہیں تیز بارش ہوئی جس کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں کے دوران مزید بارش برسنے کی پیش گوئی بھی کی ہے۔
خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں طویل خشک سالی کے بعد بارش کا آغاز ہوا ہے۔ ہری پور، تحصیل خانپور اور غازی میں بارش ہونے سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ کسانوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ہیں کیونکہ اس بارش کو فصلوں کے لیے نہایت مفید قرار دیا جا رہا ہے۔

اسی طرح ایبٹ آباد شہر اور اس کے گردونواح میں بھی ہلکی بارش شروع ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں سردی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ مجموعی طور پر ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کے باعث موسم سرد ہو چکا ہے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور سرد موسم سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔

Exit mobile version