سلام آباد:
حکومت کی جانب سے پہلے مرحلے میں 250 ملین ڈالرز کے مساوی پانڈا بانڈز جاری کرنے کے منصوبے کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پانڈا بانڈ کے اجرا سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزارت خزانہ کے حکام نے منظوریوں اور سرمایہ کاروں سے رابطوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں چینی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی جانب سے مثبت ردعمل سامنے آیا اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کو معاشی استحکام کا مظہر قرار دیا گیا۔ شرکا نے مارکیٹ کی موجودہ صورتحال کو پانڈا بانڈ کے لیے سازگار قرار دیا۔
اجلاس کے شرکا کو دستاویزی کارروائی اور ضمانتوں کی تکمیل سے آگاہ کیا گیا اور متعلقہ چینی حکام سے حتمی منظوری جلد متوقع قرار دی گئی۔
وزیر خزانہ کی زیرصدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ پانڈا بانڈ کا پہلا اجرا جنوری میں متوقع ہے اور اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں تقریباً ڈھائی سو ملین ڈالر کے مساوی بانڈ جاری کرنے کا منصوبہ ہے جب کہ پانڈا بانڈ پروگرام کے تحت مجموعی طور پر ایک ارب ڈالر تک اجرا کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی آئندہ مراحل کے لیے تیاری کا کام پہلے ہی شروع کر دیا گیا ہے۔
وزیر خزانہ نے بانڈ اجرا کو محتاط قرضہ جاتی حکمت عملی کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانڈا بانڈ سے قرضوں کے بوجھ میں توازن اور مالی وسائل میں تنوع لانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مارکیٹ پر مبنی اور ذمہ دارانہ فنانسنگ کے عزم کا اعادہ کیا۔
