پشاور:خیبر پختونخوا (کے پی) کابینہ کے اجلاس میں پہلگام واقعے کے بعد بھارتی حکومت کے رویے کی شدید مذمت کی گئی اور بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔پشاور میں وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے اس واقعے کی آڑ میں جارحیت کی کوشش کی تو بھاری قیمت چکانی پڑے گی، ملکی سالمیت کیلئے ہم سب متحد ہیں، قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کا جارحانہ رویہ ہمیشہ سے خطے کے امن کیلئے خطرہ رہا ہے، واقعے کے تناظر میں بھارتی حکومت کا جارحانہ رویہ افسوس ناک ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار پہلگام واقعے کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، پہلگام واقعہ بھارتی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے۔گنڈاپور نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت اپنی نااہلی چھپانے کیلئے پاکستان کے خلاف زہر اگل رہی ہے، تاہم خبردار کرتے ہیں کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا کابینہ کی بھارتی رویے کی مذمت، منہ توڑ جواب دینے کا عزم

لوگوں کے بچے نہیں مروا سکتا، پارٹی کے اندر گروہ بندی ہے،علی امین گنڈاپور