اسلام آبادوزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوروز موسم بہار کی آمد اور فطرت کی تجدید کی علامت ہے۔جشن نوروز کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور دنیا بھر میں نوروز منانے والوں کو جشن نوروز کی مبارکباد پیش کرتے ہیں، یہ ان بے شمار نعمتوں جس سے انسان کو نوازا گیا ہے کی شکرگزاری اور نئے سال کے لیے اپنی امیدوں اور خواہشات کے اظہار کا موقع ہے۔
نئے سال کو نئی امیدوں اور امنگوں کے ساتھ خوش آمدید کہنے کا وقت ہے، اس خوشی کے موقع پر میں پاکستان میں نوروز منانے والے بہن بھائیوں بالخصوص پارسی برادری سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
آئیں! آج ہم سب مل کر اس نوروز کو باہمی اختلافات کو ختم کرنے، شمولیت کے فروغ، علاقائی و ثقافتی ہم آہنگی اور اتحاد کو فروغ دینے کا دن بنائیں۔
