اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کیخلاف نااہلی کا ریفرنس خارج کر دیا۔الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سینیٹر شہادت اعوان اور ماجد محمود کی درخواست خارج کر دی۔الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی نااہلی کے لئے دائر ریفرنس پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی تھی۔
الیکشن کمیشن نے 7 جنوری کو پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی نااہلی کیلئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی نااہلی کا ریفرنس چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ زیرِ التو نیب ریفرنس کے ہوتے ہوئے سیف اللہ ابڑو ٹیکنوکریٹ سیٹ کیلئے مطلوب تقاضوں پر پورا نہیں اترتے۔زیر کفالت لوگوں، زرعی آمدن اور اثاثوں کے بارے میں حلف نامے میں فراہم کردہ معلومات گمراہ کن ہیں، کاغذات نامزدگی کے ساتھ جمع ویلتھ سٹیٹمنٹ میں اپنے بچوں کی ملکیت والی زرعی اراضی کو چھپایا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا تھا کہ آرٹیکل 63 (2) کے تحت میں یہ سوال آرٹیکل 63 کی شق (3) کے تحت الیکشن کمیشن کو دیتا ہوں، الیکشن کمیشن فیصلہ کرے کہ کیا سینیٹر سیف اللہ ابڑو سینیٹ کی رکنیت کیلئے نا اہل ہوگئے ہیں۔
الیکشن کمیشن ، سینیٹر سیف اللہ ابڑو کیخلاف نااہلی کا ریفرنس خارج

الیکشن کمیشن ، سینیٹر سیف اللہ ابڑو کیخلاف نااہلی کا ریفرنس خارج