لاہور:کشمیریوں کے یوم حقِ خودارادیتِ پر اپنے پیغام میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بہت جلد کشمیر کی آزادی کا سورج آب و تاب سے طلوع ہوگا۔ یوم حق خود ارادیت پر کشمیری شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، آج مظلوم کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو سلام پیش کرنے کا دن ہے۔
اقوام متحدہ نے 5 جنوری 1949 کو کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کرایا، کشمیری بہن بھائی کئی دہائیوں سے بھارتی مظالم، بربریت کا سامنا کر رہے ہیں، پاکستان کشمیر کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت جاری رکھے گا، حکومتِ پاکستان کشمیر کاز کو متعلقہ فورم پر اجاگر کر رہی ہے۔
عالمی برادری کشمیری عوام کو جائز حق دلانے میں کردار ادا کرے، کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اور کشمیری عوام کی جدوجہد ہماری اپنی جدوجہد ہے، وہ دن دور نہیں جب کشمیر کی آزادی کا سورج آب وتاب سے طلوع ہوگا۔
