اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف آج اڑان پاکستان پروگرام کا اعلان کریں گے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ آج وزیراعظم ترقی کے 5 سالہ پروگرام کے منصوبے کا آغاز کررہے ہیں، یہ منصوبہ پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے میں مددگار ثابت ہوگا۔پاکستان کو اس وقت معاشی چیلنجز درپیش ہیں، حکومت نے معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات لیے، پاکستان کو مستقل بنیادوں پر ترقی دینے کیلئے لانگ ٹرم گروتھ پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔ جب بھی مسلم لیگ ن کی حکومت آئی ہم نے ملک کو خودمختار بنانے کی کوشش کی، ویژن 2010 اور 2025 بنایا، سیاسی عدم استحکام نے منصوبوں پر عملدرآمد نہ ہونے دیا، اب پھر ہم 5 سالہ منصوبے سے ایک پائیدار ترقی کی بنیاد رکھنے جارہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف آج ہوم گرون اکنامک ایجنڈے کا اعلان کرنے جا رہے ہیں، ہوم گرون اکنامک ایجنڈا میڈ ان پاکستان معاشی اصلاحات کا ایجنڈا ہے، ملک ڈیفالٹ سے استحکام کی طرف آیا اور اب استحکام سے ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔
الحمد اللہ پاکستان کے تمام معاشی اشاریئے بہتر ہوئے ہیں، ہوم گرون ایجنڈا ایک اہم اقدام ہے، اس ایجنڈے کے تحت معاشی ترقی کا سفر طے کیا جائے گا، پاکستان کے عوام کو خوشخبریاں ملیں گی، معاشی اصلاحات کا ایجنڈا پاکستان اور پاکستان کے عوام کی ترقی کے لئے ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آج ہم وزیراعظم کی قیادت میں اکنامک پلان کو لانچ کرنے جارہے ہیں، ملک میں میکرواکنامک استحکام آچکا ہے، ہمیں فانڈیشن کو مزید استحکام کی طرف کیسے لیکر جانا ہے اس پر کام کرنا ہے، نجی سیکٹر کو اب ملک کو لیڈ کرنا ہے۔
