راولپنڈی : شعبہ تعلقات عامہ پاک فوج(آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے سعودی عرب کے وفد نے ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وفد کی سربراہی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے کی، اعلی سطح کا سرکاری، تجارتی وفد بھی سعودی وزیر کے ہمراہ تھا۔ شعبہ تعلقات عامہ پاک فوج (آئی ایس پی آر) کے مطابق سعودی تجارتی وفد کا دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پائیدار اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔آرمی چیف نے وفد کو پاکستان کی مکمل حمایت اور عزم کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے پاکستانی عوام کی سعودی عرب سے محبت اور احترام کے جذبے کو بھی دہرایا۔
سپہ سالار پاک فوج جنرل عاصم منیر نے امید ظاہر کی کہ دورے کے نتائج سے دونوں ممالک کو فائدہ ہو گا۔سربراہ پاک فوج نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان کے لیے غیر متزلزل حمایت پر تعریف اور شکریہ ادا کیا۔
سعودی تجارتی وفد کا دورہ پاکستان برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے ، آرمی چیف

پوری قوم نے متحد ہوکر دشمن کا مقابلہ کیا، میڈیا کا کردار ذمہ دارانہ تھا: آرمی چیف