وزارت داخلہ نے تمام سرکاری ملازمین کو تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں شرکت سے روک دیا، اس حوالے سے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان حکومت کو مراسلہ بھجوا دیا گیا، جس میں آئینی دائرہ اختیار کی پیروی کی ہدایت کی گئی ہے، اور خلاف ورزی پر کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔
وزارت داخلہ نے تمام سرکاری ملازمین کو کسی بھی طرح کے احتجاجی مظاہروں میں شریک ہونے سے روک دیا۔
وزارت داخلہ سے جاری اعلامیہ میں تمام چیف سیکرٹریوں اور پولیس سربراہان کو آگاہ کیا گیا کہ صوبوں میں سرکاری ملازمین ریاست کے ملازم کے طور پر کام کرنے کے پابند ہیں، کسی سیاسی جماعت کو ریاست کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ تمام صوبائی حکومتوں پر اپنی حدود میں آئین و قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے کی پابندی عائد ہوتی ہے، اور آرٹیکل 148 کے تحت صوبائی حکام پر وفاقی قوانین کا اطلاق کرنا لازم ہے، آئین و قانون سے کسی روگردانی کو کسی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اعلامیہ کے مطابق امن و امان کی صورتحال خراب ہونے پر وفاق آرٹیکل 149 پر عمل کرنے کا مجاز ہے، احتجاج سے آئینی طریقہ کار اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں نمٹنے کی ضرورت ہے۔
Leave feedback about this