اسلام آباد:ہلدی والا دودھ صدیوں سے دیسی علاج اور ہومیوپیتھک علاج میں استعمال ہو رہا ہے۔ اس کے کئی حیرت انگیز فوائد ہیں کیونکہ اس میں ہلدی اور دودھ کے غذائی اجزا ایک دوسرے کے اثرات کو بڑھا دیتے ہیں۔ہلدی میں موجود curcumin قدرتی اینٹی آکسیڈنٹ اور اینٹی بیکٹیریل خصوصیات رکھتا ہے جو جسم کو نزلہ، زکام اور انفیکشن سے بچاتا ہے۔ گٹھیا، جوڑوں کے درد یا پٹھوں کی اکڑاہٹ میں ہلدی والا دودھ بہت مفید ہے، کیونکہ یہ جسم میں سوزش کو کم کرتا ہے۔
اسی طرح رات کو سونے سے پہلے ہلدی والا دودھ پینے سے نیند بہتر ہوتی ہے، ذہنی دبا کم ہوتا ہے اور دماغ کو سکون ملتا ہے۔ یہ بدہضمی، پیٹ پھولنے اور گیس کی شکایت دور کرنے میں مددگار ہے۔ہلدی دودھ خون صاف کرتا ہے، جس سے چہرے پر دانے اور کیل مہاسے کم ہوتے ہیں اور جلد نکھرتی ہے۔ دودھ میں کیلشیم اور وٹامن ڈی جبکہ ہلدی میں سوزش کم کرنے والی خصوصیات ہیں، جو ہڈیوں کی کمزوری اور جوڑوں کے درد میں آرام دیتی ہیں۔
علاوہ ازیں ہلدی والا دودھ جسم کو گرمائش دیتا ہے اور سانس کی نالیوں کو صاف کر کے کھانسی اور گلے کی خراش کم کرتا ہے۔ ہلدی جگر سے زہریلے مادے ختم کرنے میں مدد دیتی ہے اور جسم کو ڈیٹاکس کرتی ہے۔اسی طرح curcumin میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ اجزا کینسر پیدا کرنے والے خلیوں کی افزائش کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں اور دل کی صحت بہتر کرتے ہیں۔