واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مجھے نوبل امن انعام اس لئے نہیں ملا کہ روس یوکرین جنگ نہیں رکوائی کہا گیا کہ یہ جنگ رکوائیں گے تو انعام ملے گا لیکن یہ نہیں دیکھا گیا کہ میں نے 8 جنگیں رکوائیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرائی، 9 ماہ میں 8 جنگیں رکوائیں، اب صرف ایک جنگ بند کرانا رہ گئی ہے، امید ہے روس یوکرین جنگ بھی جلد ختم ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ انہیں تو ہر جنگ رکوانے پر امن انعام ملنا چاہیے لیکن وہ لالچی نہیں بننا چاہتے، نوبل انعام پانی والی خاتون نے بھی مجھے امن کے نوبل انعام کا حقدار قرار دیا ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مجھے جنگوں کے باعث ہونے والی اموات کی فکر ہوتی ہے، گزشتہ ماہ روس یوکرین جنگ میں 27ہزار افراد مارے گئے، روس یوکرین جنگ رکوانا اتنا آسان نہیں، صورتحال بہت پیچیدہ ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ کابینہ ارکان معاشی ترقی اور سلامتی پر توجہ مرکوز کریں، امریکا تیزی سے ترقی کررہا ہے، دس ماہ میں 18 ٹریلین ڈالرز کی سرمایہ کاری ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ملکی تاریخ کی بد ترین مہنگائی وراثت میں ملی تھی، ہم نے دوائیوں کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کی، امریکا میں مہنگائی کم ہوئی اور سٹاک مارکیٹ میں تیزی آئی۔
