کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، انھوں نے اراکین سندھ اسمبلی کو ان کے تحفظات وزیراعظم تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ذرائع کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری وزیراعظم شہباز شریف سے ملنے اسلام آباد روانہ ہوں گے، جہاں وہ متحدہ قومی موومنٹ کے تحفظات وزیراعظم کو پہنچائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کامران ٹیسوری کی چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے بھی ملاقات کا امکان ہے، جس میں وہ اراکین سندھ اسمبلی کی جانب سے بلدیاتی انتخابات میں دی جانے والی سیکیورٹی سے متعلق کیے جانے خدشات کا اظہار کریں گے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ گورنر سندھ کی وزیر اعظم اور بلاول بھٹو سے ملاقاتوں کے بعد ایم کیو ایم کا ایک اور ہنگامی اجلاس ہونے کا امکان ہے۔
اس سے قبل ایم کیو ایم کے اجلاس میں قیادت نے بلدیاتی ترامیم سے متعلق پیپلز پارٹی کی ترمیم پر تحفظات کا اظہار کیا تھا، جس پر وہ حکومت سےعلیحدگی پر غور کر رہے ہیں۔