گوجرانوالہ کے علاقے ماڈل ٹاؤن کے پاس فیکٹری میں لگنے والی آتشزدگی پر ایک گھنٹے کی تگ و دو کے بعد قابو پا لیا گیا، لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہو گیا۔
گوجرانوالہ کے علاقہ ماڈل ٹاؤن کے پاس جائے نماز بنانے والی دو منزلہ فیکٹری کی نیچے والی منزل میں آگ بھڑک اٹھی، جس نے چند لمحوں میں فیکٹری کے بڑے حصے کو اپنے حصار میں لے لیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق آتشزدگی فیکٹری میں پڑے دھاگہ اور جائے نماز کی تیاری میں استعمال ہونے والے میٹ کو لگنے کی وجہ سے پھیلی۔
ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر ایک گھنٹے کی تگ و دو کے بعد قابو پا لیا، ریسکیو 1122 کی 9 گاڑیوں نے آگ بجھانے میں حصہ ڈالا، آگ لگنے سے کوئی قیمتی انسانی جان ضائع نہیں ہوئی، البتہ لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہو گیا، تاہم آگ لگنے کی اصل وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی، پولیس نے بھی واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔