اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوم فضائیہ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ایئر فورس نے مسلح افواج کے ساتھ مل کر بھارت کے خلاف معرکہ حق میں فیصلہ کن کردار ادا کیا اور جس طرح ہر محاذ پر دشمن کو شکست دی، اس نے پوری دنیا کو حیران کر دیا۔واضح رہے کہ 1965 کی پاکستان بھارت جنگ میں حاصل ہونے والی فتح میں پاکستان فضائیہ کے اہم کردار کی وجہ سے ہر سال سات ستمبر کو پاکستان میں یوم فضائیہ منایا جاتا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک فضائیہ نے 1965 کی جنگ میں شجاعت کی تاریخ رقم کی، پاک فضائیہ فضائیہ نے اپنی شاندار مہارت اور پیشہ وارانہ جرات کا مظاہرہ کیا، پاک فضائیہ نے اپنی مہارت سے دنیا کو حیران کیا۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ ملکی حدود کا دفاع کیا، قوم اپنے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے، پاک فضائیہ نے معرکہ حق میں فیصلہ کن کردار ادا کیا، قوم کو پاک فضائیہ کی صلاحیتوں پر فخر ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاک فضائیہ کی جدید صلاحیتیں قوم کے دفاع کی ضمانت ہیں۔رواں برس اس دن کی اہمیت اس لیے زیادہ ہے کہ مئی میں انڈیا کے ساتھ ہونے والی چار روزہ جنگ میں پاکستان فضائیہ نے چھ انڈین طیارے مار گرائے تھے، جس کا اعتراف نئی دہلی حکام بھی کر چکے ہیں۔
گزشتہ روز یوم دفاع کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب میں پاکستان فضائیہ کے ایئر وائس مارشل شہریار احمد خان نے انڈیا کو پیغام دیا تھا کہ اگلی بار طیارے گرائے جانے کا سکور 6-0 کی بجائے 60-0 ہوگا۔وزیراعظم نے بھارت سے حالیہ جنگ میں پاکستان ایئرفورس کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یقینا پاکستان ایئر فورس کی یہ شاندار کارکردگی جرات مند قیادت، جانباز سپوتوں کی مہارت، اعلی حکمت عملی اور کثیر الجہتی جنگی صلاحیتوں کے مثر استعمال کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ میں خصوصا اس بات پر فخر محسوس کرتا ہوں کہ پاکستانی فضائیہ نے اپنی شاندار تاریخی روایت کو زندہ رکھتے ہوئے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو بھی شکست دی، ہمارے ہیروز نے بہادری سے یہ ثابت کیا کہ دشمن کتنا ہی طاقتور اور اسلحہ سے لیس کیوں نہ ہو، وہ کبھی جذبے اور حوصلے کو شکست نہیں دے سکتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج کی پاکستان ایئر فورس ان بہادر بیٹوں کو زبردست خراجِ تحسین ہے جنہوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر ایئر فورس کی تاریخ رقم کی، مجھے یقین ہے کہ پاکستانی فضائیہ ہمیشہ کی طرح ملکی خودمختاری، جغرافیائی سرحدوں اور سالمیت کا بھرپور دفاع کرتی رہے گی۔