نیویارک: نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ تجربہ گاہ میں تیار کیے گئے نقلی گوشت سے بنے کھانوں (جیسے کہ برگر وغیرہ) کا استعمال ڈپریشن میں مبتلا کرنے کے زیادہ امکان رکھتا ہے۔سائنس دانوں نے ایک مطالعے میں پودوں سے بنے گوشت کے متبادل کھانے والوں کی ذہنی صحت کا یہ غذا نہ کھانے والوں کی ذہنی صحت کے ساتھ موازنہ کیا۔جرنل فوڈ فرنٹیئر میں شائع ہونے والے نتائج میں بتایا گیا کہ وہ افراد جو گوشت کے متبادل کھاتے تھے ان میں متبادل نہ کھانے والوں کے مقابلے میں ڈپریشن میں مبتلا ہونے کے امکانات 42 فی صد زیادہ تھے۔
تحقیق کے مصنفین (جنہوں نے نتائج کو تشویش ناک قرار دیا)نے مطالعے میں واضح کیا کہ بلڈ ٹیسٹ کے نتائج کے مطابق نقلی گوشت کھانے والوں کا بلڈ پریشر بڑھا ہوا ہوتا ہے اور ان میں سوزش زیادہ ہوتی ہے۔تحقیق کے لیے یونیورسٹی آف سرے کے محققین نے یو کے بائیو بینک سے حاصل ہونے والا ڈیٹا کا تجزیہ کیا جس میں پانچ لاکھ سے زیادہ افراد کی صحت کا ڈیٹا شامل تھا۔ان میں 3342 افراد تحقیق کے لیے اہل تھے اور ان میں تقریبا دو تہائی تعداد خواتین پر مشتمل تھی۔