پنجاب کے شہر میانوالی کے تھانہ عیسی خیل کی قبول خیل پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جسے پنجاب پولیس نے ایک بار پھر بھرپور قوت سے ناکام بنا دیا جبکہ حملے کے دوران 2 جوان زخمی ہوگئے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 12 سے 14 خوارجی دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر قبول خیل چیک پوسٹ پر راکٹ لانچرز اور ہینڈ گرنیڈز سے حملہ کیا۔چیک پوسٹ پر تعینات پنجاب پولیس کے جوان الرٹ تھے جبکہ شدید جوابی فائرنگ کے نتیجے میں بزدل دہشت گردوں کا حملہ پسپا کر دیا۔ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے حملے میں چیک پوسٹ پر تعینات 2 جوان گولی لگنے سے زخمی ہو گئے، دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔اطلاع ملتے ہی ڈی پی او میانوالی اختر فاروق فوری طور چیک پوسٹ پہنچے وہ بالائی مورچے پر خود گئے اور جوانوں کو حملہ ناکام بنانے پر شاباش دی۔ڈی ایس پی عیسی خیل اور ایس ایچ او بھاری نفری کے ساتھ پولیس چیک پوسٹ پر موجود ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مفرور دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچنے کے امکانات ہیں۔دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر ڈی پی او میانوالی اور چیک پوسٹ قبول خیل کے بہادر اہلکاروں کو شاباش دی۔آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ماہ میں پنجاب پولیس پر دہشت گردوں کا یہ 9 واں حملہ ہے جو ناکام بنایا گیا،پنجاب پولیس بین الصوبائی سرحدی چوکیوں پر دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔
Leave feedback about this