اسلام آباد :ملک بھر میں سوشل میڈیا سروسز ایک بار پھر سست روی کا شکار ہو گئیں جس کے باعث صارفین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔واٹس ایپ، فیس بک، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک عارضی طور پر معطل یا سست روی کا شکار ہوگئے ہیں، ملک کے مختلف علاقوں میں سوشل میڈیا سروسز تاحال متاثر ہیں جس کی وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ہفتہ کی رات سے ہی تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تعطل کا شکار ہیں جس سے پی ٹی سی ایل انٹرنیٹ اور گوگل سروسز کو اپنے معمول کے آپریشنز انجام دینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
واٹس ایپ پر بھی صارفین کو ڈان لوڈنگ میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے اس تعطل کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں جبکہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بھی تاحال اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔