لاہور:صدر مسلم لیگ ن و سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ معاشی بہتری اور مہنگائی میں کمی ملک و قوم کے لیے اچھے اشارے ہیں۔لاہور میں صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی صورتحال، پنجاب میں جاری ترقیاتی عمل اور عوامی خدمت کے منصوبوں پر غور کیا گیا۔
صدر ن لیگ میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ نیت ٹھیک ہو تو اللہ تعالی کی مدد آتی ہے، عوام کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے اور اس کا صلہ اور انعام اللہ ہی دیتا ہے۔معاشی بہتری اور مہنگائی میں کمی ملک و قوم کے لیے اچھے اشارے ہیں،30 ہزار پر آنے والی سٹاک ایکسچینج آج ایک لاکھ 20 ہزار پوائنٹس کی حدوں کو چھو رہی ہے جو معاشی ترقی کے تسلسل کا ثبوت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف بڑی محنت کر رہے ہیں اور اداروں و نظام کی اصلاح پر ٹھوس پیش رفت جاری ہے، اللہ کا شکر ہے پاکستان کا تنزلی کی طرف سفر رک گیا ہے۔