لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے مقدمات میں لاہور پولیس نے دہشتگردی کی دفعات ختم کر دیں، تفتیشی افسر کے بیان کے مطابق ملزمان کی کسی بھی مقدمے میں گرفتاری درکار نہیں ہے۔
لاہور پولیس نے آج انسداد دہشتگردی عدالت میں سماعت کے دوران رپورٹ جمع کرائی جس کے مطابق لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں یاسمین راشد اور شفقت محمود سمیت دیگر کو بے گناہ قرار دے دیا گیا۔
عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں پر تھانہ شفیق آباد، شاہدرہ، گلبرگ اور بھاٹی گیٹ میں مقدمات درج تھے، جن میں سے پولیس نے انسداد دہشتگردی کی دفعات خارج کر دی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس کو اب ان مقدمات میں ملزمان کی گرفتاری مطلوب نہیں ہے، جس کے بعد تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ضمانتوں کی درخواستیں واپس لے لی ہیں۔
عدالت سے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ یہ سب جھوٹے مقدمات درج کیے گئے، مسلم لیگ (ن) ہمیشہ ایسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتی ہے۔