اسلام آباد:چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی نے فیملی معاملات سے متعلق مقدمات کی سماعت کے دوران واضح ریمارکس دیئے ہیں کہ فیملی کیسز میں معاوضوں کی ادائیگی کی اپیلیں سپریم کورٹ میں نہیں آنی چاہئیں۔چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مختلف فیملی کیسز کی سماعت کی جس میں بچوں کے ماہانہ خرچے، جہیز کی واپسی اور دیگر معاملات زیر غور آئے۔
ایک مقدمے میں درخواست گزار کے وکیل نے مقف اپنایا کہ ایک چھوٹے بچے کیلئے 25 ہزار روپے ماہانہ خرچہ بہت زیادہ ہے، اس پر جسٹس شکیل احمد نے ریمارکس دیئے کہ اپنا بچہ ہے تو پچیس ہزار کچھ زیادہ نہیں ہے۔عدالت نے نچلی عدالت کی جانب سے مقرر کردہ 25 ہزار روپے ماہانہ خرچے کے فیصلے کیخلاف اپیل کو مسترد کر دیا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ فیملی کیسز میں معاوضوں کی ادائیگی سے متعلق اپیلیں سپریم کورٹ میں نہیں آنی چاہئیں، نچلی عدالتیں جو فیصلہ کرتی ہیں، وہیں معاملہ ختم ہو جانا چاہیے، سپریم کورٹ ان معمولی مالیاتی تنازعات میں مداخلت نہیں کرے گی۔
چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2018 کا فیصلہ ہو چکا ہے، لیکن ابھی تک اس پر عملدرآمد نہیں ہوا جو کہ انتہائی افسوسناک ہے، عدالت نے رجسٹرار آفس کو ہدایت دی کہ ٹرائل کورٹ کی عملدرآمد رپورٹ فوری طور پر سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائے اور متعلقہ عدالت کو بھی حکم دیا کہ وہ فیصلے پر بلا تاخیر عملدرآمد یقینی بنائے۔