واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جنگ روکنے کیلئے شکریہ ادا کرنے کیلئے مدعو کیا تھا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج فیلڈ مارشل عاصم منیرسے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا، پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات چیت ہو رہی ہے، پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقتیں ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ کہ وہ جنگ کی طرف نہیں گئے۔
امریکی صدر نے بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جنگ روکنے کیلئے شکریہ اداکرنے کیلئے مدعو کیا تھا، ان سے ایران کے معاملے پر بھی بات ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا، انہوں نے دوران ملاقات امریکی صدر کو پاک بھارت جنگ سے آگاہ کیا اور خطے میں امن وامان کی صورتحال پر گفتگو کی، فیلڈ مارشل نے اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر دفاع پیٹ ہیکسگتھ سے بھی ملاقات کی۔
ان کا یہ تاریخی دورہ پاک امریکا تعلقات اور عالمی سطح پر پاکستان کی عسکری قیادت کی پہچان کی عکاسی کا مظہر ہے، یہ ملاقات علاقائی اور عالمی استحکام میں کلیدی شراکت دار کے طور پر پاکستان کی عسکری قیادت پر بڑھتے ہوئے اعتماد اور اہمیت کی نشاندہی کرتی ہے۔علاوہ ازیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو کسی بھی بھارتی وفد سے پہلے وائٹ ہاس میں مدعو کرنا امریکی خارجہ پالیسی میں پاکستان کی سٹریٹجک ترجیح کا واضح اشارہ ہے، امریکی صدر سے فیلڈ مارشل کی ملاقات اس بات کی غمازی ہے کہ امریکہ علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے میں پاکستان کے کردار سے بخوبی واقف ہے۔
باوثوق ذرائع نے مزید بتایا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ امریکا اور صدر ٹرمپ سے ملاقات پاکستان کا جنوبی ایشیا میں کردار واضح کرتا ہے۔
قبل ازیں امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ میں پاکستان کو بہت پسند کرتا ہوں جو اہم ایٹمی طاقت ہے اور پاکستان کے آرمی چیف اپنے ملک کی ایک بااثر شخصیت ہیں اور انہوں نے پاکستان کی طرف سے جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا ہے
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات اعزاز، جنگ روکنے پر شکریہ ادا کیا: امریکی صدر

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات اعزاز، جنگ روکنے پر شکریہ ادا کیا: امریکی صدر