وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کا بالکل ارادہ رکھتا ہوں۔رانا ثناء اللہ نے چیلنج دیا کہ عمران خان کا بلڈ ٹیسٹ کروائیں، اُس میں سے کوکین نہ نکلے تو میں استعفیٰ دے دوں گا۔انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کی گرفتاری کیلیے وزیراعظم شہباز شریف کی اجازت کا پابند ہوں۔وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ عمران خان سڑکوں پر آئیں اس کا علاج کر کے دکھاؤں گا، میں سمجھتا ہوں ہمیں چیئرمین پی ٹی آئی کا حل نکالنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک و قوم کی تباہی ہے، دراصل یہ فتنہ ہے، ووٹ کے ذریعے اسے ختم نہ کیا تو یہ ملک کو تباہ کردے گا۔رانا ثناء اللہ نے یہ بھی کہا کہ عمران نے ملک میں انتقام کی سیاست سے معیشت کو تباہ کیا، اس فتنے کا ہر صورت قلع قمع ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یہ آئے اسلام آباد بند کر کے دکھائے اس کی ایسی کی تیسی، یہ آئے سڑکوں پر اس کا وہ علاج کریں گے کہ یاد کرے گا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان ملک کی تباہی کا نسخہ بڑی محنت سے لایا ہے، وہ آئینی اسکیم اور آئین کے تقاضے بگاڑنے پر تلا ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس ٹولے کے ارادے آگے بھی ٹھیک نہیں، شوکت ترین نے ملک کو ڈیفالٹ کروانے کی حرکت اس کے کہنے پر کی۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان نے ضد، انا میں آکر زبردستی دونوں اسمبلیاں تڑوائیں جبکہ وزرائے اعلیٰ نہیں چاہتے تھے۔انہوں نے صاف الفاظ میں کہا کہ میں عمران خان کی گرفتاری کا بالکل ارادہ رکھتا ہوں۔