اسلام آباد:بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کیخلاف 190 ملین پانڈز ریفرنس کا فیصلہ ایک بار پھر موخر کر دیا گیا۔جج ناصر جاوید رانا آج رخصت پر ہیں ، کیس کا فیصلہ اب 13 جنوری کو سنایا جا ئے گا، عدالتی عملے نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چودھری کو آگاہ کر دیا۔عمران خان کے وکیل خالد یوسف چودھری نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عدالتی عملے نے بتایا ہے فیصلہ آج نہیں سنایا جائے گا۔
عدالت نے 190 ملین پانڈ ریفرنس کا فیصلہ 18 دسمبر کو محفوظ کیا تھا، پہلے 23 دسمبر کو کیس کا فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم عدالت نے فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ ملتوی کر کے 6 جنوری مقرر کی تھی۔نیب نے 13 نومبر 2023 کو 190ملین پانڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری ڈالی تھی اور 17 دن تک بانی پی ٹی آئی سے اڈیالا جیل میں تفتیش کی تھی۔190ملین پانڈ ریفرنس کا جیل ٹرائل ایک سال میں مکمل ہوا ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف یہ واحد کیس ہے جس کا ٹرائل ایک سال تک چلا۔