صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے فوجی افسران اور جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید فوجی افسران اور جوانوں کے متعلق گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے بلندئ درجات کی دعا کی اور ان کے اہل خانہ کے لیے اظہار ہمدردی بھی کیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے ملک و قوم کے لیے شہدا کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے فرض شناس بیٹے بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کاموں میں مصروف تھے، اور انھوں نے اپنے فرض کی ادائیگی اور قوم کی خدمت کے لیے انتہائی جانفشانی، محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا ہے، بے لوث خدمت کے جذبے سے سرشار یہ سپوت قوم کے محسن ہیں۔
صدر مملکت نے آرمی چیف سے اپنی گفتگو کے دوران ان کے سابقہ دورہ گوادر کے دوران کور کمانڈر کوئٹہ جنرل سرفراز علی سے ملاقات اور ان کی جانب سے دی گئی بریفنگ کا بھی ذکر کیا، انھوں نے کہا کہ اس بریفنگ کے دوران میں نے انہیں انتہائی قابل، ذہین اور فرض شناس افسر کے طور پر پایا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدر مملکت کو بتایا کہ امدادی سرگرمیوں کے دوران خراب موسم کی وجہ سے حدِ نگاہ کم ہوئی جس کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کو حادثہ درپیش آیا، سپہ سالار نے مزید کہا کہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ حاصل کر لیا گیا ہے اور تمام فوجی افسران اور جوان جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔