لاہور:وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے ڈی جی پی آر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک خاتون تو اتنی غیر سیاسی ہے کہ گھر بیٹھ کر عمران خان کو ریموٹ سے چلاتی تھی۔ وزیر اعلی ہاؤس کے اندر الجہاد الجہاد کے نعرے لگے، اگر طالبان کی طرح الجہاد کے نعرے لگائے جائیں گے تو ان کے ساتھ ایسا ہی برتا ہوگا جیسے طالبان کے ساتھ کیا گیا تھا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر سیاست کرنی ہے تو کھل کر کریں کیونکہ سیاست دل گردے کا کام ہے لیکن یہ فیصلہ کر لیں کہ سیاست آپ نے کرنی ہے یا حلیمہ خان نے کرنی ہے۔ کیا بشری بی بی اپنے بچوں کو ساتھ لے کر چلیں گی؟ کیا بیرسٹر گوہر بھی اپنی فیملی کو مرنے مارنے کے لیے ساتھ لائیں گے؟ یہ منافقت نہ کریں آپ لوگ سرکاری ملازمین کو پیسے دے کر لاتے ہیں، جہاد کا اعلان کروانا ہے تو قاسم اور سلیمان ٹیرین کے ساتھ کریں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک میں عوامی مسائل اور مہنگائی کم کرنے کے حوالے سے خبریں آنا شروع ہیں تو دوسری طرف جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہ ہو اس کو خبر بنا دیا جاتا ہے۔ ملکی معیشت اپنے پاں پر کھڑی ہو رہی ہے جس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، عام آدمی کو ریلیف دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مہنگائی کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جس سے مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے۔