لاہور کی خصوصی مرکزی عدالت میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر کےخلاف منی لانڈرنگ مقدمے کی سماعت ہوئی، جس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔
دورانِ سماعت حمزہ شہباز کے وکیل نے سابق وزیراعلیٰ کی طبی رپورٹیں عدالت میں پیش کیں، جبکہ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ کل شہباز شریف اسلام آباد میں سرکاری ملاقاتوں میں مصروف تھے، گزشتہ رات وہ اسلام آباد سے لاہور آنے کے لیے تیار تھے، لیکن موسم کی خرابی کی وجہ سے انھیں سفر سے منع کیا گیا۔
ادھر ایف آئی اے کے وکیل نے کہا کہ انھیں شہباز شریف اور حمزہ کی حاضری معافی پر کوئی اعتراض نہیں ہے، ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں کہا کہ ضمانت منظور ہوتے ہی ملزمان نے عدالت میں پیش ہونا چھوڑ دیا ہے، جبکہ ملزم ملک مقصود کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جمع کرا دیا ہے، ملزم کی موت کی تصدیق ہو گئی ہے۔
دورانِ سماعت ایف آئی اے نے اشتہاری ملزم سلیمان شہباز کی جائیداد کا ریکارڈ بھی پیش کیا، بعد ازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو فرد جرم کے لیے طلب کر لیا اور سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
Leave feedback about this