سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں کامیاب کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 18 دہشت گرد ہلاک تازہ ترین Roze News
تازہ ترین

سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں کامیاب کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 18 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں کامیاب کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 18 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں کامیاب کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 18 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے تین مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 18 دہشت گرد ہلاک کردیے، آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 2 سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ آپریشن منگل کی درمیانی رات کو شروع ہوا جب مشترکہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کو غزہ بند کے پہاڑی علاقوں میں دہشتگردوں کی ایک تشکیل کے بارے میں مصدقہ اطلاعات موصول ہوئیں۔

ذرائع نے بتایا کہ یہ تشکیل مختلف دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھی اور اس کا تعلق کالعدم تنظیموں سے تھا جو مبینہ طور پر بھارتی حمایت حاصل کر رہی تھیں۔

آپریشن میں فرنٹیئر کور (ایف سی) پاکستان آرمی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ ٹیمیں شریک تھیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جب سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کیا تو دہشتگردوں نے شدید مزاحمت کی اور فائرنگ کا آغاز کر دیا، تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشتگرد مارے گئے، ان میں سے کئی کی شناخت بعد میں ہوئی جو ماضی کے متعدد دہشتگرد حملوں میں ملوث تھے۔

ہلاک دہشتگردوں کے جسموں کو ابتدائی طور پر آپریشن سائٹ سے منتقل کر دیا گیا اور ان کے خون کے نمونوں اور فنگر پرنٹس کو مزید تحقیقات کے لیے محفوظ کر لیا گیا۔

فائرنگ کے تبادلے میں 2 سیکیورٹی اہلکاروں کو گولیاں لگیں جنہیں فوری طور پر کوئٹہ کے ایک فوجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

طبی ذرائع کے مطابق دونوں اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے اور وہ زیر علاج ہیں اور فورسز کے آپریشن کے دوران کوئی شہری متاثر نہ ہونے کی اطلاعات ہیں، تاہم علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا تھا تاکہ دہشتگردوں کو فرار ہونے سے روکا جا سکے۔

ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والے اسلحے میں AK-47 رائفلیں، گرنیڈز، راکٹ لانچرز، بھاری مشین گنز اور بڑی مقدار میں گولہ بارود شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ مواد مختلف حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال ہونے والا تھا، برآمد شدہ سامان کو فوراً ضبط کر لیا گیا اور اس کی تفصیلی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔

یہ آپریشن حالیہ دنوں میں بلوچستان میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی کی کارروائیوں کے تناظر میں اہم سمجھا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ضلع ژوب اور ضلع شیرانی کے علاقوں میں بھی سیکیورٹی فورسز نے ان ٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں فتنتہ الخوارج کے 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ شہر ماڈل ٹاؤن میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر ایک خودکش حملے میں 12 شہری شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے اور 6 دہشتگرد ہلاک ہوئے تھے جس نے صوبے میں سیکیورٹی صورتحال پر سوالات اٹھائے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملک بھر میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ایسی کارروائیوں کو جاری رکھی جائیں گی۔

مقامی انتظامیہ نے آپریشن کے علاقے کے قریب رہنے والے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں جب تک مزید اعلان نہ ہو۔

بلوچستان حکومت نے اس آپریشن کو کامیاب اور بروقت قرار دیتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کی تعریف کی ہے۔

اس واقعے کے بعد کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

Exit mobile version