سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کرنے کے لیے دو رکنی ٹیم کینیا روانہ ہو گئی۔
سینئر صحافی و میزبان ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کرنے کے لیے ڈائریکٹر ایف آئی اے اطہر وحید کی سربراہی میں دو رکنی ٹیم کینیا کے لیے روانہ ہو گئی، جہاں وہ مختلف زاویوں سے قتل کے اس معمے کی تحقیقات کر کے اس کے پیچھے چھپے محرکات اور دوسرے حقائق کا پتا لگائے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے احکامات پر وزارت داخلہ کی طرف سے تحقیقات کے لیے بنائی گئی ٹیم کے دونوں ارکان، یعنی ڈائریکٹر ایف آئی اے اکیڈمی اطہر وحید اور ڈپٹی ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) عمر شاہد حامد، جمعہ کی صبح روانہ ہوئے، طے شدہ پروازوں کے مطابق ٹیم کے سربراہ اطہر وحید قطر ایئرویز کی پرواز نمبر 615 کے ذریعے اسلام آباد سے دوحہ روانہ ہوئے، جبکہ عمر شاہد حامد نے کراچی سے دوحہ کے لیے پرواز بھری۔
تحقیقاتی ٹیم کے دونوں ارکان دوحہ ایئر پورٹ پر جمع ہوں گے، جہاں سے قطر ایئرویز ہی کی پرواز نمبر 1341 کے ذریعے نیروبی جائیں گے، وزارت خارجہ اور کینیا میں پاکستانی سفارت خانہ تحقیقاتی ٹیم کو قیام کے عرصے میں سہولیات اور معاونت فراہم کرنے کا پابند ہو گا۔
ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم کینیا میں ارشد شریف کی آمد، رہائشی بندوبست اور کس کے ساتھ رہائش اختیار رکھنے سمیت پیش آنے والے حالات و واقعات کے بارے میں حقائق جاننے کی کوشش کرے گی۔
علاوہ ازیں تحقیقاتی ٹیم ارشد شریف کی کینیا میں بنائی گئی پوسٹ مارٹم رپورٹ، فائرنگ کا نشانہ بننے والی گاڑی اور سفری ریکارڈ کا جائزہ لینے کے علاوہ وہاں کی پولیس ٹیم سے بھی ملاقات کرے گی، تحقیقاتی ٹیم کا کینیا میں قیام کا عرصہ دو ہفتے تک جا سکتا ہے۔
Leave feedback about this