لاہور، ملتان، مظفرگڑھ، بہاولپور، بہاولنگر، وہاڑی، سکھر، گڈو: (دنیا نیوز) پنجاب اور سندھ کے مختلف اضلاع میں دریائے ستلج، چناب اور راوی میں آنے والی شدید طغیانی اور اونچے درجے کے سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، متعدد مواضع اور بستیاں ڈوب گئیں، کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں جبکہ لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ملتان میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، انتظامیہ نے 2 دن اہم قرار دیئے جبکہ شہری آبادیوں کو بچانے کیلئے شیر شاہ بند میں شگاف ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ملتان اور مظفرگڑھ کی ٹیکنیکل ٹیم نے ایک پوائنٹ پر اتفاق کر لیا، کریٹیکل لیول پر ملتان اور مظفرگڑھ کی ٹیکنیکل کمیٹی 3 گھنٹے بعد متفق ہوئی، دونوں کمیٹیوں نے کریٹیکل لیول 393.50 ڈیسائیڈ کیا جبکہ شیر شاہ فلڈ بند پر اس وقت کریٹیکل لیول 392.00 ہے۔دوسری جانب پاکستان ریلوے نے ٹریک کلیئر کرانے کیلئے ٹیکنیکل ٹیم سے وقت مانگ رکھا ہے، ملتان سے مظفر گڑھ روڈ ٹریفک کی آمد رفت کے لیے بند کر دیا گیا، بہاولپور بائی پاس سے پل چناب دونوں اطراف اور مظفر گڑھ سے ٹریفک کو ڈائیورشن دی گئی ہے۔
ترجمان سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق ہیڈ محمد والا روڈ پل چناب پہلے سے بند ہے اور تاحال بند ہے، شہری موٹروے ملتان سے سکھر کا راستہ استعمال کریں۔
ادھر دریائے چناب میں شیر شاہ کے مقام پر شگاف سے مزید 8 ہزار گھر اور 30 ہزار سے زائد آبادی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، سیلابی پانی موضع سلطان پور ہمڑ، جمہور، کچور، گاگرہ مرزا پور اور بچ کے راستے سے شجاع آباد تک پھیل جائے گا، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو فوری انخلا کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔علاوہ ازیں ملتان میں طوفانی بارش سے سیلاب متاثرین کی خیمہ بستی پانی میں ڈوب گئی، تحصیل جلال پور پیر والا میں بھی سیلاب نے تباہی مچا دی، 100 سے زائد بستیاں سیلابی پانی میں ڈوب گئیں، ریسکیو آپریشن جاری ہے۔متاثرہ علاقوں سے ہزاروں افراد کی نقل مکانی جاری ہے، لیاقت پور کے نواحی علاقے نوروالا میں ریسکیو آپریشن کے دوران کشتی الٹ گئی جس کے باعث 2 خواتین سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، بیٹ بخشو کی بستی توحید میں ریسکیو کشتی الٹنے سے بچہ ڈوب گیا جبکہ 13 افراد کو بچا لیا گیا۔
تازہ ترین
سیلاب سے سینکڑوں بستیاں زیر آب، لاکھوں افراد بے گھر، ملتان کیلئے دو دن انتہائی اہم
- by web_desk
- ستمبر 9, 2025
- 0 Comments
- 140 Views
- 3 ہفتے ago

Leave feedback about this