سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو آٹھ فروری 2024 کو ملک میں انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کا حکم دیدیا ۔ملک میں نوے روز میں انتخابات سے متعلق کیس میں صدر مملکت کی جانب سے آٹھ فروری 2024 کوعام انتخابات سے متعلق دستاویز پر دستخط کے بعد سپریم کورٹ نے کیس نمٹا دیا۔سپریم کورٹ نے کہا کہ صدر اور الیکشن کمیشن کی اعلان کردہ تاریخ پر بلاتعطل انتخابات ہوں ، عام انتخابات کی تاریخ کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہوچکا ہے ، آٹھ فروری کو انتخابات کرانے پر کسی فریق کو اعتراض نہیں ہے لہذا وفاقی حکومت آٹھ فروری 2024 کو انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے عدالت عظمیٰ نے کہا کہ تمام ضروریات پوری ہونے کے بعد الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول کا اعلان کرے ، انتخابات کا معاملہ تمام فریقین کی رضا مندی سے حل ہوچکا ہے ، عوام کو منتخب نمائندوں سے دور نہیں رکھا جاسکتا ، امید کرتے ہیں ہر ادارہ پختگی اور سمجھ کیساتھ چلے گا۔