نیویارک:وہ لاشعوری خیالات، جن پر ہماری اپنے آپ سے گفتگو انتہائی منفی، یا نقصان دہ ہو رہی ہوتی ہے، اور جس کی وجہ سے ہماری خود اعتمادی، مزاج اور ذہنی صحت پر برے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، دراصل منفی خودکلامی کہلاتی ہے۔منفی خودکلامی ایک ایسا خاموش زہر ہے، جو انسانی زندگی کے مختلف پہلووں کو آہستہ آہستہ تباہی کی طرف لے جاتا ہے۔ خاص طور پر لڑکیوں کے لیے، یہ ایک خطرناک رویہ ثابت ہو سکتا ہے، کیوں کہ وہ عموما معاشرتی دباو، غیر حقیقی خوب صورتی کے معیارات، اور اپنی ذات کے حوالے سے سخت حساس ہوتی ہیں۔
یہ رویہ ان کے دماغ کو کمزور کرتا ہے، ان کے جذبات کو مجروح کرتا ہے، ان کی جسمانی صحت کو نقصان پہنچاتا ہے، اور ان کے معاشرتی تعلقات کو متاثر کرتا ہے، لیکن ذہنی صحت پر منفی خودکلامی کے اثرات سب سے پہلے اور سب سے نمایاں طور پر نظر آتے ہیں۔ جب کوئی لڑکی بار بار اپنے آپ پر تنقید کرتے ہوئے خود کو ناکام قرار دیتی ہے، تو یہ عمل اس کی خود اعتمادی کو بری طرح متاثر کرتا ہے۔ وہ اپنے بارے میں مسلسل سوچتی رہتی ہے کہ میں کبھی کچھ صحیح نہیں کر سکتی۔