اسلام آباد:حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے مطالبے پر سانحہ 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنانے سے انکار کر دیا۔حکومتی مذاکراتی ٹیم نے پی ٹی آئی کے تحریری مطالبات کے جواب تیار کر لیے ہیں، حکومتی مذاکراتی ٹیم نے تحریک انصاف کے مطالبات پر شق وار جواب تیار کیا ہے۔
حکومت کے تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن نہیں بن سکتا، جوڈیشل کمیشن ان معاملات پر بنتا ہیجو عدالت میں زیربحث نہ ہوں، 9 مئی مقدمات عدالتوں میں ہیں، بعض ملزمان کو ملٹری کورٹس سے سزائیں بھی ہو چکی ہیں۔حکومت کے تحریری جواب میں پی ٹی آئی سے کہا گیا ہے کہ 26 نومبر سے متعلق لاپتہ افراد کی فہرست اور گرفتار افراد کی تفصیلات فراہم کی جائیں، گرفتار افراد کے نام، تفصیلات نہ ہونے تک رہائی کے لیے کیسے کوئی اقدام کیا جاسکتا ہے؟
حکومتی جواب میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کا دعوی ہے کہ ہلاکتیں ہوئیں ان کی بھی تفصیلات فراہم کی جائیں، حکومتی کمیٹی آئندہ چند دنوں میں اسپیکر قومی اسمبلی کو اپنے تحریری جواب پیش کر دے گی، اسپیکر حکومتی جواب موصول ہونے پر مذاکرات کے لیے چوتھے اجلاس کا فیصلہ کریں گے۔