بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ چاہے ہمارا ایک بھی بندہ جلسہ گاہ میں نہ پہنچ سکے لیکن ہم کامیاب ہوگئے ہیں اور جو پیغام دینا چاہتے تھے وہ حکومت تک پہنچ گیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کارکنان کو پیشگی کامیابی کی مبارکباد دیتا ہوں، جو پیغام دینا چاہتے تھے وہ حکومت تک پہنچ گیا جو اقدام کیے گیے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومتی ٹولے سے عوام جان چھڑانا چاہتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ رات سے اسلام آباد میں کریک ڈان شروع کر دیا گیا تھا، ہر گلی بند کر دی گئی ہے، ہمارے کارکنان کے گھروں پر گزشتہ رات سے چھاپے مارے جا رہے ہیں، کل رات سے ہمارے قافلوں کو ہر جگہ روکا جا رہا ہے۔ مشیر اطلاعات خیبر پختون خواہ نے بتایا کہ پنجاب سے آنے والوں کو راستے میں روکا جارہا ہے، مری سے اسلام آباد آنے والے راستوں کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں کنٹینرز کا جلسہ ہو رہا ہے، کنٹینرز کا کروڑوں کا کرایہ میری اور آپ کی جیب سے دیا جا رہا ہے، یہ صرف اس لیے کیا جا رہا ہے کہ ایک ہی جماعت قابض رہے، ہمیں اسلام آباد انتظامیہ نے خود این او سی دیا ہے۔بیرسٹر سیف نے بتایا کہ جھوٹ بول کر لوگوں کو ڈرایا جا رہا ہے کہ جلسہ گاہ سے بارودی مواد ملا ہے۔
Leave feedback about this