نیویارک :ہمارے ہاں تیز آگ پر کھانے پکانے کا رواج ہے ، شاید اس لیے کہ کھانا جلد پک جائے۔ مگر اب جاپان کی میجو یونیورسٹی (Meijo University) میں کی گئی ایک تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ بلند درجہ حرارت پر پکانے سے خاص طور پہ وہ غذائیں ایک مضر صحت چکنائی پیدا کرتی ہیں جن میں قدرتی طور پہ گندھک (سلفر) پائی جاتی ہے۔ تحقیق درسگاہ کے محقق، ڈاکٹر ماساکی ہونڈو (Dr. Masaki Hondo)کی زیرقیادت انجام پائی۔ یہ مضر صحت چکنائی جسے ٹرانز فیٹ (Trans Fat) کہا جاتا ہے، انسان کے جسم میں اگر زیادہ مقدار میں جمع ہو جائے تو اسے امراض قلب اور دیگر موذی بیماریوں میں مبتلا کر دیتی ہے۔گویا جاپانی ماہرین طب نے یہ حیران کن انکشاف کیا ہے کہ تیز آگ میں پکے کھانے مضر صحت ہیں اور ان سے حتی الامکان پرہیز کیا جائے
۔ وطن عزیز میں مگر کئی ہوٹلوں اور ڈھابوں میں خصوصا تیز آگ پر کھانا پکانے کا رواج ہے۔ اب جو انسان بھی باقاعدگی سے یہ کھانے کھاتا ہے، وہ جلد یا بدیر کسی نہ کسی خطرناک بیماری میں مبتلا ہو جاتا ہے چاہے وہ ان اسباب میں گرفتار نہ ہو جن کے بارے میں سمجھا جاتا ہے کہ وہ امراض کو جنم دیتے ہیں ، جیسے سگریٹ، موٹاپا، ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر وغیرہ۔ دل کی بیماری ایک خطرناک عارضہ ہے، اس کا علاج نہ ہو تو وہ انسان کی جان لے سکتی ہے۔