اسلام آباد:وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ بھارت ہمسایوں کے گھرمیں آگ لگائے گا تو یہ آگ ان تک بھی جائے گی۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ لاہور واقعہ بھارت کی طرف سے پلان کیا گیا اور حکومت پاکستان اس معاملے کو ہر سطح پر اٹھائے گا۔اس خطے میں سب سے زیادہ نقصان دہشتگردی کی وجہ سے ہوا اور بھارت سے بہتر کسی ملک نے دہشتگردی سے فائدہ نہیں اٹھایا۔حنا ربانی کھر نے کہا کہ بھارت دہشتگرد تنظیموں کی کھلم کھلا مدد کرتا ہے جبکہ سمجھوتہ ایکسپریس واقعہ،لاہور واقعہ اور کلبھوشن یادیو کا کیس بھارت کی دہشتگردی کی مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت سلامتی کونسل قرار دادوں پر عمل کر نے سے ہمیشہ انکاری رہا،بھارت جو خود کرتا ہے اسکا الزام دوسروں پر لگاتا ہے۔بھارت کا ہمسایہ ممالک میں عدم استحکام میں مسلسل کردار ہے جبکہ سی پیک کوسبوتاژ کرنا بھی اسکے حالیہ مثال ہے۔