اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے یوم سیاہ کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 77برس قبل آج کے دن بھارت نے کشمیر پر قبضہ کیا، بھارتی قابض افواج کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہی ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام نے گزشتہ 77 برسوں کے دوران بے شمار مشکلات کا سامنا کیا ۔ بھارت 5 اگست 2019 سے مقبوضہ کشمیر پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کیلئے یکے بعد دیگرے اقدامات کر رہا ہے۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر مزید کہا کہ بھارت کے مذموم عزائم کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو نقصان پہنچانا اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے ان کے جمہوری حق سے محروم کرنا ہے، جابرانہ اقدامات کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی تڑپ کو کم نہیں کر سکتے۔شہباز شریف کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پاکستان کشمیریوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔