بلوچستان کے علاقے پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر 20 اور 21 مارچ کی درمیانی شب پنجگور میں آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گرد رہنما لیاقت مارا گیا، اور دو دہشت گرد زخمی ہوئے۔
ایک اور واقعے میں گوادر پورٹ اتھارٹی کالونی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا جس کے نتیجے میں 2 افراد شہید اور 8 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس سے قبل سیکیورٹی فورسز نے گوادر پورٹ اتھارٹی کالونی میں دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک اور ایک کو گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا تھا۔