واشنگٹن: بھارتی جارحیت دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کا مشن لئے پاکستانی وفد نیویارک کا دورہ مکمل کر کے واشنگٹن پہنچ گیا۔بلاول بھٹو زرداری سمیت پاکستان کا 9 رکنی سفارتی وفد ٹرین کے ذریعے واشنگٹن پہنچا، وفد کا واشنگٹن کے ریلوے سٹیشن پر پاکستان کے سینئر سفارتی عملے نے استقبال کیا۔9 رکنی وفد 6 جون تک واشنگٹن میں قیام کرے گا، وفد امریکی حکام اور تھنک ٹینک کے سامنے پاکستان کا مقدمہ پیش کرے گا۔بلاول بھٹو زرداری دورہ واشنگٹن میں میڈیا کے نمائندوں سے بھی بات چیت کریں گے، وہ بھارت کی آبی جارحیت اور اشتعال انگیزی سے امریکی حکام کو آگاہ کریں گے۔
بلاول بھٹو مسئلہ کشمیر حل کرنے کی پیشکش پر ٹرمپ انتظامیہ کا شکریہ ادا کریں گے اور ٹرمپ انتظامیہ پر زور دیں گے کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل یقینی بنائیں اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق ہو۔دورہ نیویارک میں وفد نے یو این سیکرٹری جنرل، صدر جنرل اسمبلی، سلامتی کونسل کے منتخب اراکین اور او آئی سی سفیروں سے ملاقاتیں کیں۔
بلاول بھٹو نے جنرل سیکرٹری اقوام متحدہ انتونیو گوتریس سے ملاقات کے دوران سندھ طاس معاہدہ بحال کرنے میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی اور خطے میں امن کیلئے فعال کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔اس کے علاوہ سفارتی وفد نے یو این جنرل اسمبلی کے صدر، فرانسیسی مستقل مندوب سے بھی ملاقات کی اور بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا۔
Leave feedback about this