وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی 27 جون کو جیل سے باہر آسکتے ہیں۔ گفتگو کے دوران رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے کوئی طوفان نہیں آجائے گا، لیکن ملک کی بہتری ان کے اندر رہنے میں ہے، حکومت کی کوشش ہوگی کہ جتنا ممکن ہو بانی پی ٹی آئی کو اندر ہی رکھا جائے۔وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو سزائیں عدالت سے ہی ہوئی ہیں، ہم آئین و قانون کے مطابق انہیں اندر رکھیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا بیانیہ اور سیاسی ایجنڈا یہی ہے کہ ملک کو غیرمستحکم کیا جائے اور فتنہ پھیلایا جائے۔رانا ثنا اللہ نے یہ بھی کہا کہ کیس پر کیس ہمارے خلاف بھی بنتے رہے، ووٹ اور مینڈیٹ ہمیں بھی ملا ہے، لیکن کسی کو افراتفری پھیلانے کا ووٹ نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی و جمہوری لوگ ہیں، جو بات کل کررہے تھے وہی آج کررہے ہیں اور مستقبل میں بھی وہی بات کریں گے۔وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جمہوریت کے ساتھ آگے بڑھنے کی بات کرے تو ہمیں اس کی ذات سے دشمنی نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی جمہوریت اور ڈائیلاگ پر یقین نہیں رکھتے ہیں، محمود خان اچکزئی نے کوئی بات کردی، اس دن بانی پی ٹی آئی ان سے مینڈیٹ لے لیں گے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جمہوریت میں ڈائیلاگ کے سوا کوئی اور راستہ نہیں، اسی سے معاملات حل ہوں گے، انقلاب انہوں نے لانا نہیں ہے، ڈائیلاگ پر وہ یقین نہیں رکھتے تو کرنا کیا ہے؟
Leave feedback about this