قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے رمضان المبارک اسپورٹس سیریز کو پنجاب حکومت اور وہاب ریاض کا کھلاڑیوں کے لیے احسن اقدام قرار دیا ہے۔رمضان المبارک اسپورٹس سیریز سے متعلق بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ہاکی، کرکٹ، فٹبال سمیت دیگر کھیلوں کو پروموٹ کیا جارہا ہے۔بابراعظم کا کہنا تھا کہ کافی عرصے سےان کھیلوں پرتوجہ نہیں دی گئی تھی، ایسے ایونٹس سے ہمارے کھیل دوبارہ سے اپنا مقام حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے جس کو نکھارنے کے لیے ایسے ایونٹ ضروری ہیں، نوجوان کھلاڑیوں کے لیے یہ بہترین موقع ہے۔بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ سینئرکھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر گیم میں بہتری آئے گی۔دوسری جانب فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے کہا کہ سیریز کا کریڈٹ پنجاب حکومت اور وہاب ریاض کو جاتا ہے۔شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں ہاکی کےعلاوہ دیگر کھیل بھی شامل ہیں، ایسےایونٹ سے ہمارےنوجوان کھیلوں میں شامل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے، اس کو آگے آنا چاہیے، کھلاڑیوں کو پیسے مل رہے ہیں جس سے وہ اپنے اخراجات برداشت کریں گے۔فاسٹ بولر کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے اس سے ہماری ہاکی آگے آئے گی اور اچھے کھلاڑی ملیں گے۔