ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاک فوج کی پہلی ترجیح ملک میں امن و امان کا قیام ہے، دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ لڑی ہے، دہشت گردی کی اس جنگ میں ہمارے جوان اور بڑی تعداد میں شہری شہید ہوئے، خطے میں امن کے لیے پاکستان کا کردار اہم رہا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان طویل عرصے سے افغان مہاجرین کی مدد کر رہا ہے، پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر افغان عبوری حکومت کی ہر طرح سے مدد کی ہے، ٹی ٹی پی کے دہشت گرد پاکستان میں کارروائیوں کے لیے افغانستان کی سرزمین استعمال کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس بات کے واضح شواہد موجود ہیں کہ ٹی ٹی پی کے دہشت گرد افغانستان کی سرزمین پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ 5 لاکھ سے زائد افغان شہری وطن واپس جا چکے ہیں لیکن لاکھوں افغان شہری اب بھی پاکستان میں موجود ہیں۔ اور امن کی صورتحال خراب کر رہے ہیں، پاکستانی افواج دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔