امریکی نقدی کی اڑان تھمنے لگی، ایک دن میں روپے کی قدر میں تاریخ ساز اضافہ معیشت و تجارت Roze News
معیشت و تجارت

امریکی نقدی کی اڑان تھمنے لگی، ایک دن میں روپے کی قدر میں تاریخ ساز اضافہ

امریکی نقدی کی اڑان تھمنے لگی، ایک دن میں روپے کی قدر میں تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا، انٹربینک میں ڈالر ساڑھے 9 روپے، جبکہ اوپن مارکیٹ میں 11 روپے سستا ہو گیا۔

کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ملکی روپیہ صبح 88 پیسے اضافے کے ساتھ 237 روپے 5 پیسے تک پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 238 روپے 38 پیسے پر بند ہوا تھا، تاہم بعد ازاں مقامی نقدی کی قدر میں بہتری ہونے لگی اور دوپہر 12 بج کر 50 منٹ کے قریب ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 228 روپے میں فروخت ہو رہا تھا۔

دن کے اختتام پر انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں ملکی تاریخ میں پہلی بار 9 روپے 58 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی، اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 238 روپے 38 پیسے سے کم ہو کر 228 روپے 80 پیسے ہو گئی۔

دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی لمبی چھلانگ کے بعد ڈالر 11 روپے سستا ہو گیا، جس کے بعد 227 روپے کی خرید اور 229 روپے کی فروخت پر بند ہوا۔

واضح رہے کہ ڈالر کی قدر میں اس تاریخ ساز کمی سے غیرملکی قرضوں کے حجم میں 1400 ارب روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔

Exit mobile version