تازہ ترین

امریکا کے بعد اسرائیلی فوج کا بھی ایران کے فردو ایٹمی پلانٹ پر حملہ

امریکا کے بعد اسرائیلی فوج کا بھی ایران کے فردو ایٹمی پلانٹ پر حملہ

مقبوضہ بیت المقدس، تہران :امریکا کے بعد اسرائیلی فوج نے بھی ایران کی جوہری تنصیب فردو پر حملہ کر دیا، دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، اسرائیلی فوج نے 6 ہوائی اڈوں پر حملے کر کے 15 طیارے تباہ کرنے کا دعوی بھی کیا اور تہران میں یونیورسٹی اور جیل پر بمباری کی، ایران نے 10 اہلکار شہید ہونے کی تصدیق کر دی۔
اسرائیل نے ایران پر حملوں میں ہر حد پار کرتے ہوئے ایران کی ایٹمی سائٹ فردو پر حملہ کیا جس کی ایرانی حکام نے تصدیق کر دی، ایرانی حکام نے بتایا کہ ایران کے شہر کرج اور تہران پر بھی میزائل حملے کیے گئے ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں کے بعد تہران میں زوردار دھماکے سنے گئے ہیں جبکہ شمالی تہران میں بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی ہے۔اسرائیل نے ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے ہیڈکوارٹر کو بھی نشانہ بنایا اور تہران میں یونیورسٹی پر بمباری کی۔
ادھر قم کے صوبائی عہدیدار نے اسرائیل کے فردو جوہری تنصیب کو نشانہ بنانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جوہری پلانٹ میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دی ہیں۔
ایران نے صہیونی حملوں کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر کئی میزائل داغے ہیں جس کے بعد جنوبی اسرائیل میں ایک میزائل نے پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، کئی اسرائیلی شہروں میں دھماکے سنے گئے ہیں۔
قطری نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل الیکٹرک کارپوریشن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایک اسٹریٹجک انفرااسٹرکچر کے قریب میزائل گرا ہے، جس کے نتیجے میں کئی قصبات میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔حملے کے دوران تقریبا 35 منٹ تک سائرن بجتے رہے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی عوام نے ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد آج سب سے طویل وقت پناہ گاہوں میں گزارا ہے۔
اسرائیلی فوج نے ایکس پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل کی جانب 6 میزائل داغے ہیں، اسرائیلی میڈیا کے مطابق نہاریا، گشر حزیو، حیلا، میعونا اور میعیلیا سمیت کئی شہروں میں سائرن بجنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کے اوپر ایک میزائل کو بلند فضا میں اڑتے دیکھا گیا، جس کے بعد فاصلے پر متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

 

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image