اسرائیلی فوج کے حملوں میں ایک دن میں مزید 200 فلسطینی شہید ہو گئے۔اسرائیلی فوج نے خان یونس میں الامال اسپتال کا محاصرہ کیا اور الخیر اسپتال کے طبی عملے کو یرغمال بنا لیا۔دوسری جانب حماس نے خان یونس میں اسرائیلی فوج کے زیر قبضہ عمارتوں کو دھماکے سے اڑا دیا، عمارتیں گرنے سے متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔اس سے قبل اسرائیلی فوج نے غزہ میں اپنے مزید 3 فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا تھا۔اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ جنوبی غزہ میں لڑائی میں اس کے مزید 3 فوجی مارے گئے ہیں۔اسرائیلی فوج کا مزید کہنا تھا کہ زمینی لڑائی میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 200 تک پہنچ گئی جب کہ 7 اکتوبر سے غزہ جنگ میں 535 اسرائیلی فوجی مارے جا چکے ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی یرغمالیوں کے اہل خانہ نے اسرائیلی پارلیمنٹ میں گھس کر احتجاج کیا۔ یرغمالیوں کے اہل خانہ نے یرغمالیوں کی واپسی کے لیے حماس سے معاہدے کا مطالبہ کیا۔