کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے شمالی وزیرستان اور خیبر کے علاقوں میر علی اور باڑہ کا دورہ کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل اظہر حیات نے میر علی میں آرمی پبلک اسکول کا افتتاح کیا، نیز بوائز ہاسٹل اور پاکستان سویٹ ہوم کا دورہ کیا، پاکستان سویٹ ہوم 2017ء میں بنایا گیا تھا اور اس وقت میر علی اور میران شاہ کے 96 یتیم بچے کسی خرچے کے بغیر اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا کہ آرمی پبلک اسکول کا قیام مقامی لوگوں کی دیرینہ خواہش تھی جس میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے طلبہ تعلیم کا حصول کریں گے، اسکول میں ایک وقت میں 525 طلبہ زیور تعلیم سے آراستہ ہو سکیں گے، بوائز ہاسٹل میں ارد گرد کے علاقوں کے 123 طلبہ کو مفت رہائش مہیا کی جارہی ہے۔
علاوہ ازیں کور کمانڈر پشاور اسکاوٴٹس ٹریننگ اکیڈمی (ساوٴتھ) میر علی میں منعقد ہونے والی بیسک ملٹری ٹریننگ کورس کی پاسنگ آوٴٹ پریڈ کے مہمان خصوصی تھے، جہاں 31 ویں ایڈیشن کے کل 1164 ریکروٹ کامیاب تربیت مکمل کرنے کے بعد پاس آوٴٹ ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے یہ بھی بتایا کہ اپنے دورہ باڑہ میں کور کمانڈر تیراہ، باغ میدان، راجگال، لنڈی کوتل، باڑہ، مولا گوری اور جمرود سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین کے بڑے جرگے میں شریک ہوئے اور علاقے میں قیام امن کی خاطر قبائلیوں کی قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج مقامی لوگوں کی ہر طرح سے مدد کرے گی۔
اس موقع پر قبائلی عمائدین علاقے میں امن بحال کرنے اور این ایم ڈیز میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جاری کوششوں پر پاک فوج کے شکرگزار ہوئے، قبائلی عمائدین نے کور کمانڈر کو مسلح افواج کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا بھی یقین دلایا۔
Leave feedback about this