کوئٹہ:بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں زرغون روڈ پر زوردار دھماکا ہوا جس میں 10 افراد شہید ہو گئے جبکہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد جہنم واصل کر دیے۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ خودکش حملہ آور کے علاوہ پانچ دہشت گردوں کو مارا گیا، دہشت گردوں کے حملےمیں 2 ایف سی جوان زخمی ہوئے ہیں، حملہ آور بھی ایف سی کی وردی میں ملبوس تھے، سب مارے گئے ہیں، بھارت کے ایجنڈے پر کام کرنے والے شرپسند عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے رہیں گے۔پولیس کے مطابق کوئٹہ میں زرغون روڈ کے قریب زور دار دھماکا ہوا، جس کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، دھماکا اتنا شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کے دروازے اور کھڑکیاں ٹوٹ گئیں، شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
قبل ازیں وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے شہر بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی، تمام کنسلٹنٹس، ڈاکٹرز، فارماسسٹس، سٹاف نرسز، پیرا میڈیکل سٹاف ہسپتالوں میں طلب کر لیا گیا۔وزیر صحت بخت کاکڑ نے سول ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور بتایا کہ فتنہ الہندوستان کے دھماکے میں 10 افراد شہید اور 30 سے زائد زخمی ہوئے، 6 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
بخت کاکڑ نے کہا کہ دھماکے کے بعد 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا، دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنایا گیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فتنۂ الخوارج اور فتنہ الہندوستان پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔صدر آصف علی زرداری نے سکیورٹی فورسز کو بروقت اور مؤثر کارروائی پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ بھارت نواز شرپسند عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے رہیں گے، پاکستان دشمن قوتوں کی مایوسی ان کی ناکامی اور انجامِ بد کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی اور علاقائی منظرنامہ پاکستان مخالف ریاستوں اور ان کی پراکسیز کے خلاف تبدیل ہو رہا ہے، اس لیے وہ مایوسی اور بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوئٹہ میں دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی اور حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں اور شہریوں کے لیے جلد از جلد صحتیابی کی دعا کی۔انہوں نے کہا کہ معصوم اور نہتے شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے، پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے عناصر کو عبرت ناک سزا دیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت، سیکیورٹی فورسز اور پوری قوم ملک سے دہشتگردی اور فتنہ الخوارج کے جڑ سے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے 6 حملہ آوروں کو جہنم واصل کرنے پر ایف سی کے جوانوں کی ستائش کی اور زخمی ہونے والے دو جوانوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
Leave feedback about this