نیویارک :انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی سے متعلق فیصلے کے لیے اہم اجلاس کل تک کے لیے ملتوی ہوگیا۔آئی سی سی کا چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے فیصلے کے لیے آج ہونے والا اہم اجلاس ملتوی ہوگیا۔ ایونٹ کی میزبانی پاکستان کرے گا یا نہیں، اس سلسلے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا اجلاس کل دوبارہ ہوگا۔ایونٹ کی میزبانی کے فرائض پاکستان کے سپرد ہیں تاہم بھارتی انکار کے بعد آئی سی سی کے پیش کردہ ہائبرڈ ماڈل کو چیئرمین پی سی بی اور حکومت نے ماننے سے صاف انکار کرتے ہوئے دوٹوک پیغام دیا ہیکہ فیصلہ برابری کی بنیاد پر ہوگا۔
پاکستان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اگر بھارت کو کسی قسم کا فائدہ پہنچایا گیا تو پاکستانی ٹیم آئندہ ایونٹس میں روایتی حریف کے خلاف کسی بھی میدان میں کھیلنے کے لیے نہیں اترے گی۔بی سی سی آئی اپنے اسپانسرز اور پیسے کا رعب دکھاتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)کو ہائبرڈ ماڈل پر ایونٹ کروانے کے لیے مجبور کرے گا۔پاکستان نے بورڈ میٹنگ سے قبل ہی ٹرافی کا قابل قبول فارمولا طلب کیا تھا۔ اس سلسلے میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پاکستان کے واضح مقف سے آئی سی سی کو آگاہ کردیا ہے۔